میزان بینک لمیٹڈ نے تیسری بار بھی بہترین بینک کا اعزاز اپنے نام کرلیا، جب کہ بینک آف پنجاب (بی او پی) نے دسویں پاکستان بینکنگ ایوارڈز کی تقریب میں 3اعزازات حاصل کیے۔
ایوارڈ دینے سے قبل، اس موقع پر مہمان خصوصی اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے گورنر جمیل احمد نے پاکستان بینکنگ ایوارڈز کے کردار کو سراہا، لیکن بینکوں کی نجی شعبے کو کم قرضہ دینے اور حکومت کو خطرے سے پاک، زیادہ منافع بخش قرضوں پر بھاری انحصار کرنے پر تنقید بھی کی۔
یہ تقریب نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس (این آئی بی اے ایف) کی جانب سے ڈان میڈیا گروپ اور اے۔ ایف۔ فرگوسن اینڈ کمپنی کے اشتراک سے منعقد کی گئی تھی۔
گورنر نے بہترین بینک کا ایوارڈ میزان بینک کے چیف ایگزیکٹو افسر کو پیش کیا اور ادارے کی کارکردگی اور بہترین معیار کے لیے ان کی وابستگی کی تعریف کی، بینک آف پنجاب کی جانب سے 3 ایوارڈز جیتنے پر حاضرین کی جانب سے زبردست تالیوں کی گونج سنائی دی، بی او پی نے ’بہترین بینک برائے زرعی شمولیت، خواتین کی شمولیت کے لیے بہترین بینک اور چھوٹے و درمیانے کاروبار (ایس ایم ایز) کے زمروں میں بہترین بینک کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔