وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ علاقائی روابط کا فروغ معاشی اور تجارتی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔
ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس 2025 سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ نہایت اہم لمحہ ہے کہ آج ہم سب یہاں ایک مفید اور بامقصد مکالمے کے لیے جمع ہوئے ہیں، تاکہ مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ اور کثیرالطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر غور کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تاریخی طور پر ایک ایسا مرکز رہا ہے جس کے ذریعے قدیم شاہراہِ سے لے کر آج کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے تک مختلف اقوام کی ثقافتیں، روایات، اشیا اور تخلیقی نظریات کا تبادلہ ہوتا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا خطہ ہمیشہ مواقع اور روابط کا مرکز رہا ہے اور بدلتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی صورتحال اور معیشت کی بڑھتی اہمیت نے ان قدیم راہداریوں میں نئی جان ڈال دی ہے۔