چین نے کہا ہے کہ پاکستان نے یقین دلایا ہے کہ امریکا کے ساتھ اس کے تعلقات بیجنگ کے مفادات اور چین-پاکستان تعاون کو کبھی نقصان نہیں پہنچائیں گے۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے کہا کہ چین کی جانب سے حال ہی میں ریئر ارتھ (نایاب ارضیاتی معدنیات) اور متعلقہ اشیا پر عائد کی گئی برآمدی پابندیوں کا پاکستان سے کسی بھی طرح تعلق نہیں ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ اقدامات چینی حکومت کی جانب سے اپنے برآمدی کنٹرول کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے قانون و ضوابط کے مطابق اختیار کیے گئے جائز اقدامات ہیں۔
لن جیان نے یہ بات ایک معمول کی پریس بریفنگ میں اُس وقت کہی جب اُن سےمیڈیا رپورٹس پر تبصرہ کرنے کو کہا گیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان، چینی آلات اور ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے، نایاب معدنیات امریکا کو برآمد کر رہا ہے، اور مبینہ طور پر اسی وجہ سے چین نے نایاب معدنیات سے متعلق ٹیکنالوجیز کی برآمد پر سخت ضوابط نافذ کیے۔