پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں پہلے روز کے اختتام پر قومی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنالیے، محمد رضوان 62 اور سلمان علی آغا 52 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچ کی سیریز کا پہلا میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جارہا ہے، جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے جنوبی افریقہ کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پہلے سیشن میں قومی ٹیم کی پہلی وکٹ تیسری ہی گیند پر گرگئی، اوپنر عبداللہ شفیق 2 رنز بنانے کے بعد کاگیسو ربادا کا شکار بنے۔
تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے کپتان شان مسعود نے امام الحق کے ساتھ ملکر ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے اسکور بورڈ آگے بڑھایا، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔
شان مسعود 76 رنز بنانے کے بعد پرینیلن سبریئن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، امام الحق 7 رنز کی کمی سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے وہ 93 رنز بنانے کے بعد سینوران متھوسامی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
سابق کپتان بابراعظم ایک بار پھر ناکام رہے، وہ 23 رنز ہی بناسکے جب کہ سعود شکیل کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے۔
ون ڈے اور ٹی20 ٹیم کے کپتانوں محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے چھٹی وکٹ کے لیے 112 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں، دن کے اختتام پر رضوان 62 اور سلمان علی 52 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے سینوران متھوسامی نے 2، کاگیسو ربادا، سائمن ہارمر اور پرینیلن سبریئن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے پہلے میچ کے لیے وائرل بخار سے صحت یاب ہونے والے ساجد خان کو ٹیم میں شامل کیا جو نعمان علی کے ساتھ ملکر مہمان ٹیم کو اسپن جال میں پھنسانے کی کوشش کریں گے جب کہ شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی فاسٹ باؤلنگ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔