انڈونیشیا کا عالمی ایونٹ کیلئے اسرائیلی کھلاڑیوں کو ویزے دینے سے انکار – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

انڈونیشیا کا عالمی ایونٹ کیلئے اسرائیلی کھلاڑیوں کو ویزے دینے سے انکار

غزہ میں اسرائیلی مظالم کے پیش نظر انڈونیشیا نے اسرائیلی جمناسٹس کو ویزا دینے سے انکار کر دیا ہے، جس کی وجہ سے وہ اس ماہ جکارتہ میں ہونے والی عالمی چیمپئن شپ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی ٹیم 19 سے 25 اکتوبر تک انڈونیشیا میں ہونے والی ورلڈ آرٹسٹک جمناسٹکس چیمپئن شپ میں حصہ لینے والی تھی۔ انڈونیشیا دنیا کا سب سے بڑا مسلم اکثریتی ملک ہے، جس کے اسرائیل کے ساتھ باضابطہ سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔

انڈونیشین جمناسٹکس فیڈریشن کی سربراہ ایتا جولیاتی نے صحافیوں کو بتایا:’ یہ تصدیق ہو چکی ہے کہ وہ شرکت نہیں کریں گے۔’

اسرائیل جمناسٹکس فیڈریشن نے فوری طور پر ای میل کے ذریعے بھیجے گئے تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔

قانونی امور کے سینیئر وزیر یسرل اہزا مہندرا نے کہا کہ انڈونیشیا نے اسرائیلی کھلاڑیوں کو ویزا جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ علما کونسل جیسے گروپوں اور دارالحکومت جکارتہ کی حکومت کے اعتراضات کے بعد کیا گیا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.