چینی کوہ پیما کے ٹو کی چوٹی سے اترتے ہوئے پتھروں کی زد میں آکر ہلاک – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

چینی کوہ پیما کے ٹو کی چوٹی سے اترتے ہوئے پتھروں کی زد میں آکر ہلاک

چینی کوہ پیما گوان جنگ منگل کی رات دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سے اترتے ہوئے گرنے والے پتھروں کی زد میں آکر ہلاک ہوگئیں۔

پاکستان الپائن کلب کے نائب صدر کرار حیدری نے ایک بیان میں کہا کہ چینی کوہ پیما منگل کی رات چوٹی سے نیچے اترتے وقت پتھروں کے گرنے سے ہلاک ہوگئیں۔

بیان کے مطابق ’ یہ حادثہ ابروزی اسپر روٹ پر کیمپ ون اور ایڈوانسڈ بیس کیمپ کے درمیان پیش آیا، جو کہ پتھروں کے گرنے کے لیے بدنام ہے،’ بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ گوان پیر کے روز کوہ پیماؤں کے ایک گروپ کے ساتھ چوٹی سر کرنے کے بعد واپسی کے سفر پر تھیں۔’

بیان میں کہا گیا کہ ان کی لاش نکالنے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ دیگر کوہ پیما جو اسی دن کے ٹو کی چوٹی پر پہنچے تھے، اب بحفاظت بیس کیمپ واپس جا رہے ہیں، مجموعی طور پر پیر کو 32 کوہ پیماؤں نے چوٹی سر کی تھی۔

کرار حیدری کے مطابق ایلیٹ ایکسپیڈ، امیجن نیپال، سیون سمٹ ٹریکس اور الپنسٹ کلائمر ایکسپیڈیشن کی ٹیموں نے پیر کی صبح کامیابی سے کے ٹو کو سر کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ’ ان مضبوط ٹیموں نے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی اور زمین کے سب سے بلند مقام پر پہنچ کر سینسر نصب کیے اور انسانی برداشت اور ٹیم ورک کا ایک اور باب رقم کیا۔’

انہوں نے مزید کہا کہ’ کے ٹو کی چوٹی سر کرنے والی مشترکہ ٹیم میں چین کے تاؤ ہو، کرغزستان کے ایڈورڈ کوباتوف، امریکا کی گلنور تمبت، اور چین کے ژانگ چِنگ لیانگ اور لی نا، جبکہ نیپال کے پاسانگ ٹینجے شیرپا، منگما جانگبو شیرپا، پاسانگ شیرپا، سونا شیرپا اور پاسانگ نوربو شیرپا شامل تھے۔’

پاکستان الپائن کلب کی جانب سے میجر جنرل عرفان ارشد نے ان کوہ پیماؤں کی محفوظ واپسی کی دعا کی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.