وس کے مشرقی ساحل کے قریب اتوار کے روز سلسلہ وار شدید زلزلے آئے، جس کے بعد امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) نے سونامی کی وارننگ جاری کر دی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ابتدائی طور پر 5.0 شدت اور 6.7 شدت کے زلزلوں کے بعد سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی، لیکن ان کے بعد 7.4 شدت کا زلزلہ (پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر 49 منٹ) پر آیا، جس کے بعد یو ایس جی ایس نے خبردار کیا کہ ’کچھ ساحلی علاقوں کے لیے خطرناک سونامی لہریں متوقع ہیں‘۔
یو ایس جی ایس کے مطابق روسی ساحلی علاقوں پر 30 سینٹی میٹر سے لے کر ایک میٹر (یعنی 3.3 فٹ تک) اونچی لہریں متوقع ہیں، جب کہ جاپان اور امریکی ریاست ہوائی میں 30 سینٹی میٹر (ایک فٹ) سے کم اونچی لہریں آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
زلزلوں کا مرکز بحرالکاہل میں پیٹروپاولووسک-کامچاٹسکی شہر سے تقریباً 150 کلومیٹر مشرق میں واقع تھا۔
یو ایس جی ایس کے مطابق ابتدائی زلزلوں کے بعد متعدد آفٹر شاکس بھی آئے، جن میں ایک اور 6.7 شدت کا زلزلہ بھی شامل تھا۔