اسرائیل نے ایران پر تازہ حملوں میں میزائلوں کے ذخیرہ کیے گئے مقامات اور انفرااسٹرکچر کی تنصیبات کو نشانہ بنانے اور پاسداران انقلاب کے ایک اور سینئر کمانڈر کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے، ایرانی میڈیا کے مطابق تبریز اور خرم آباد میں پاسداران انقلاب کے 9 اہلکار شہید ہوئے ہیں۔
قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ نے ایرانی پاسداران انقلاب کے زیرانتظام کام کرنے والی خبر رساں ایجنسی ’فارس نیوز‘ کے حوالے سے بتایا کہ ایران کے وسطی شہر اصفہان میں ایک دھماکے کی اطلاعات ملی ہیں۔
دھماکے کے بعد شہر میں فضائی دفاعی نظام کو فعال کر دیا گیا ہے۔
یہ شہر اصفہان نیوکلیئر ٹیکنالوجی سینٹر کا گھر ہے، جو ایران کا سب سے بڑا جوہری تحقیقی کمپلیکس ہے۔
اصفہان کے نائب گورنر نے صوبے پر اسرائیلی حملوں کی مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ لنجان، مبارکہ، شہریزہ اور اصفہان کے شہروں کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اصفہان میں جوہری مقام کو بھی نشانہ بنایا گیا تاہم ’خطرناک مواد کا کوئی اخراج نہیں ہوا‘۔
ایران کے سرکاری ’پریس ٹی وی‘ کے مطابق ایک اسرائیلی ڈرون کو وسطی ایران کے شہر کاشان پر مار گرایا گیا۔