امریکی ریاست کولوراڈو میں غزہ میں اسرائیلی یرغمالیوں کے لیے ہونے والے یہودیوں کےاجتماع پر آتشیں بم سے حملہ کرنے والے مسلمان شخص پر آج ریاستی عدالت میں باضابطہ طور پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ریاستی پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ 45 سالہ محمد سلیمان کو ریاستی عدالت میں اقدام قتل کے الزامات پر تقریباً 400 سال قید کی سزا کا سامنا ہے، اسے دیگر ریاستی الزامات کا بھی سامنا ہے۔
پراسیکیوٹرز نے بدھ کو بتایا کہ حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 15 ہو گئی ہے جن کی عمریں 25 سے 88 سال کے درمیان ہیں، جبکہ حملے میں ایک کتا بھی زخمی ہوا ہے، محمد سلیمان کو نفرت انگیز جرائم کے الزامات کا بھی سامنا ہے جن میں عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے، محمد سلیمان کی وفاقی عدالت میں پیشی جمعہ کو ہے۔
عدالتی دستاویزات میں محمد سلیمان کی نمائندگی کرنے والے بولڈر پبلک ڈیفنڈرز کے دفتر نے تبصرہ کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا۔