بھارتی جارحیت پر پاکستان کا موقف پیش کرنے کیلئے طارق فاطمی کی زیرقیادت دوسرا وفد آج ماسکو روانہ ہوگا – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

بھارتی جارحیت پر پاکستان کا موقف پیش کرنے کیلئے طارق فاطمی کی زیرقیادت دوسرا وفد آج ماسکو روانہ ہوگا

پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کا مؤقف عالمی برادری کے سامنے پیش کرنے کے لیے دوسرا وفد آج وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کی قیادت میں ماسکو روانہ ہوگا۔

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کا مؤقف عالمی برادری کے سامنے پیش کرنے کے لیے دو سرکاری وفود دنیا کے اہم دارالحکومتوں کا دورہ کریں گے، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کی قیادت میں دوسرا وفد آج ماسکو روانہ ہوگا جبکہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پہلا وفد امریکا میں موجود ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق دو سابق وزرائے خارجہ، دو سابق خارجہ سیکریٹریز، امریکا میں پاکستان کے 2 سابق سفرا اور ایک موجودہ وفاقی وزیر پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد گزشتہ روز نیویارک پہنچا ہے جہاں وہ اقوام متحدہ میں مشاورت کرے گا، یہ وفد بعد میں واشنگٹن ڈی سی، لندن اور برسلز بھی جائے گا۔

وفد میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سابق وفاقی وزرا حنا ربانی کھر اور خرم دستگیر، سینیٹرز شیری رحمٰن، مصدق ملک، فیصل سبزواری، بشریٰ انجم بٹ اور سابق سفرا جلیل عباس جیلانی اور تہمینہ جنجوعہ شامل ہیں۔

یہ وفد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، جنرل اسمبلی کے صدر اور سلامتی کونسل کے 5 مستقل رکن ممالک کے سفرا سے ملاقات کرے گا، اس کے علاوہ یہ گروپ اسلامی تعاون تنظیم کے سفرا کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کرے گا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.