یوکرین کا سائبیریا میں روسی ائیر بیس پر بڑا حملہ، 40 سے زائد طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

یوکرین کا سائبیریا میں روسی ائیر بیس پر بڑا حملہ، 40 سے زائد طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ

یوکرین نے سائبیریا کے ایرکٹسک علاقے میں واقع بیلیا ائیر بیس پر حملہ کر کے روس کے جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے اسٹریٹجک بمبار طیاروں کو نشانہ بنایا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ حملہ یوکرین کی جانب سے روسی سرحد کے اندر سب سے طویل فاصلے تک کیا گیا حملہ ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر تصدیق شدہ ویڈیوز اور تصاویر میں بیلیا ائیر بیس پر متعدد روسی بمبار طیاروں کو آگ کی لپیٹ میں دیکھا جا سکتا ہے۔

 

 

یہ طیارے روایتی اور ایٹمی ہتھیاروں سے طویل فاصلے کے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

یہ ائیر بیس یوکرین کے محاذ جنگ سے 4,000 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر واقع ہے جو اس حملے کی حیران کن نوعیت کو ظاہر کرتا ہے۔

کیف میں یوکرینی انٹیلی جنس کے ایک اہلکار نے دعویٰ کیا کہ یوکرین کی داخلی سیکیورٹی ایجنسی (ایس بی یو) نے ایک بڑے پیمانے پر ڈرون حملے میں 40 سے زائد روسی لڑاکا اور بمبار طیاروں کو تباہ کیا۔

ان طیاروں میں Tu-95 اور Tu-22M شامل ہیں جو روس یوکرین پر طویل فاصلے تک میزائل داغنے کے لیے استعمال کرتا رہا ہے۔

بیلیا ائیر بیس روس کے ان اہم فضائی اڈوں میں سے ایک ہے جہاں تیز رفتار اسٹریٹجک بمبار طیارے Tu-22M تعینات ہیں۔

یوکرینی دعووں کے مطابق یہ حملہ روس کی فضائی طاقت کو کمزور کرنے کی ایک بڑی کوشش ہے تاہم، روس نے ابھی تک اس حملے کے حوالے سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.