واٹس ایپ اپنے ویب ورژن کے لیے ایک نیا فیچر ’چیٹ میڈیا ہب‘ متعارف کرانے کی تیاری کررہا ہے، جس کا مقصد صارفین کو شیئر کی گئی فائلز تک آسان اور تیز رسائی فراہم کرنا ہے۔ چیٹ میڈیا ہب ایک نیا سیکشن ہوگا جو واٹس ایپ ویب کی سائڈبار میں شامل کیا جائے گا۔
اس کے ذریعے صارفین تمام چیٹس میں شیئر کی گئی تصاویر، ویڈیوز، گفٹس، دستاویزات اور لنکس کو ایک ہی جگہ پر دیکھ اور منظم کرسکیں گے، بغیر یہ کہ ہر چیٹ کو الگ الگ کھولنا پڑے۔
مذکورہ فیچر کی بدولت تمام میڈیا فائلز ایک ہی مقام پر دستیاب ہوں گی، چاہے وہ کسی بھی چیٹ سے شیئر کی گئی ہوں، یہی نہیں بلکہ اس کے ساتھ دستاویزات اور لنکس کے ساتھ بھیجنے والے کا نام اور بھیجنے کی تاریخ بھی ظاہر کی جائے گی۔
صارفین اس ہب کی مدد سے فائلز کو تاریخ، سائز یا دیگر معیارات کے مطابق ترتیب دے سکیں گے اور کیپشن کے ذریعے مخصوص فائلز کو تلاش کرنا بھی ممکن ہوگا۔