پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ ہمیں دھمکیاں آتی ہیں کہ آپ کی گاڑی الٹ جائے گی، عمران خان کو ( جیل کے ) اندر ختم کردیا جائے گا، مگر ہم نہیں ڈر رہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخو علی امین گنڈاپور اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ اسلام آبادہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ چیف جسٹس (اسلام آباد ہائیکورٹ) نے کہا تھا کہ غلطی سے عملے نے کیس لسٹ میں نہیں ڈالا، مجھے لگتا ہے کہ کوئی آرڈر کرتا ہے اور ان کو کیس لسٹ میں نہیں ڈالنے دیتا۔
انہوں نے کہا کہ میں ان کو بھی بتانا چاہ رہی ہوں جو پیچھے بیٹھے ہوئے ہیں، جو بھی ہاتھ ہیں، جنہوں نے یہ 26ویں ترمیم بنائی یا کوئی اور ہاتھ ہیں، سامنے آکر بات کریں۔
انہوں نے کہا کہ آپ بتائیں کہ ہمارے بھائی کے ساتھ آپ کو مسئلہ ہے کیا؟ ہمارے بھائی نے آپ کا کیا بگاڑا ہے؟ آپ ہمارے بھائی کے پیچھے کیوں پڑے ہوئے ہیں، اس کو جیل سے نکالتے ہوئے آپ کیوں ڈر رہے ہیں؟ وہ تو اس قسم کا انسان نہیں ہے جو پاکستان کو نقصان پہنچائے۔