بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ سے دستبرداری سے متعلق بھارتی میڈیا کی خبروں کی تردید کردی، سیکریٹری بھارتی کرکٹ بورڈ دیوا جیت سائیکیا نے کہا ہے کہ ایشیا کپ سے متعلق ابھی فیصلہ نہیں کیا۔
بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے وضاحت کی ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے کسی بھی ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کا کوئی فیصلہ کیا ہے اور نہ ہی اس پر کوئی بات چیت کی ہے۔
خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ آج صبح سے کچھ خبروں میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بی سی سی آئی نے ایشیا کپ اور ویمنز ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ، جو کہ دونوں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے ایونٹس ہیں، میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے’۔
انہوں نے کہا کہ ’ایسی خبریں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں کیونکہ اب تک بی سی سی آئی نے نہ ہی اس موضوع پر کوئی بات چیت کی ہے اور نہ ہی اے سی سی کو کسی قسم کا خط لکھا ہے، اس وقت ہماری بنیادی توجہ آئی پی ایل اور اس کے بعد ہونے والی انگلینڈ سیریز پر مرکوز ہے‘۔