امریکا اور حماس میں براہ راست رابطہ، نیتن یاہو بے خبر نکلا، امریکی نژاد یرغمالی کی رہائی آج متوقع – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

امریکا اور حماس میں براہ راست رابطہ، نیتن یاہو بے خبر نکلا، امریکی نژاد یرغمالی کی رہائی آج متوقع

امریکا اور اسرائیل کے تعلقات میں تناؤ بڑھنے کے ساتھ ہی خبر سامنے آئی ہے کہ اسرائیلی نژاد امریکی یرغمالی ایڈن الیگزینڈر کو حماس کی جانب سے آج غزہ میں رہا کیے جانے کا امکان ہے۔

بی بی سی نیوز کے مطابق 21 سالہ ایڈن الیگزینڈر غزہ کی سرحد پر ایلیٹ انفنٹری یونٹ میں خدمات انجام دے رہا تھا، جب اسے 7 اکتوبر 2023 کے حملے کے دوران یرغمال بنالیا گیا تھا۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ الیگزینڈر کی رہائی کے لیے غزہ میں ’ایک محفوظ راہداری‘ ہوگی، لیکن اس نے جنگ بندی کا وعدہ نہیں کیا۔

بی بی سی کا کہنا ہے کہ مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ ہے کہ اسرائیل کو اس بات کی کوئی خبر نہیں تھی کہ امریکا اور حماس کے حکام کے درمیان براہ راست رابطہ ہو رہا ہے، یہاں تک کہ ایڈن الیگزینڈر کی متوقع رہائی کے بارے میں معاہدہ طے پا گیا۔

 

حالیہ ہفتوں میں صدر ٹرمپ اور اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کے اشارے بڑھتے جا رہے ہیں، جب کہ ٹرمپ ایران کے جوہری ہتھیار تیار کرنے کے خطرے کو مذاکرات کے ذریعے ختم کرنا چاہتے ہیں، نیتن یاہو فوجی کارروائی کو ترجیح دیتے ہیں۔

غزہ کے بارے میں واشنگٹن نے نئی جنگ بندی اور یرغمالی رہائی کے معاہدے کے لیے دباؤ جاری رکھا ہوا ہے، جب کہ اسرائیل کی سیکیورٹی کابینہ نے غزہ پر ایک شدید حملے کی منظوری دے دی ہے۔

اتوار کو ’این بی سی نیوز‘ نے امریکی ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ صدر ٹرمپ نے نجی طور پر اسرائیل کی حکمت عملی کو ’بے کار کوشش‘ اور ’اپنی تعمیر نو کی منصوبہ بندی‘ کے خلاف قرار دیا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.