بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی واقعے پر معافی تک مذاکرات نہیں ہوسکتے، احسن اقبال – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی واقعے پر معافی تک مذاکرات نہیں ہوسکتے، احسن اقبال

 پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے طرز سیاست سے 9 مئی کے واقعات پر معافی تک مذاکرات نہیں ہو سکتے۔

نواز شریف کی زیر صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلی قیادت کا اہم مشاورتی اجلاس پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہوا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ اپنے اخراجات کم کر کے بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا جائے، ہم پاور سیکٹر میں 4 دہائیوں کے نقائص دور کرنے پر کام کر رہے ہیں، آئندہ ایک دو سال میں بجلی کی نرخوں میں کمی لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام پر بھی بریفنگ دی گئی، نواز شریف نے بلدیاتی نظام میں اصلاحات کی ہدایت کی، قوانین میں ترمیم کے فوری بعد بلدیاتی انتخابات ہوجائیں گے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی فائیو اسٹار ہوٹل جیسی جیل کاٹ رہے ہیں، انہیں جیل میں سہولتیں دینا ہماری فراخ دلی ہے، انہیں اسی سیل میں رکھا گیا ہے جس میں مجھے رکھا گیا تھا، اگر وہ سیل غلط ہے تو بانی پی ٹی آئی کو پہلے مجھ سے معافی مانگنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بانی پی ٹی آئی سے کوئی بدلہ نہیں لیا، ان کی چیخیں نکل رہی ہیں، یہ این آر او چاہتے ہیں، انہیں این آر او نہیں ملے گا، یہ ہم سے بھی رسیدیں مانگتے تھے، انہیں رسیدیں دکھانا پڑی گی، خود کو بے گناہ ثابت کرنا ہو گا، ورنہ اپنے جرائم کا حساب دینا ہو گا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.