اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ غزہ ملٹری زون بن چکا ہے جس میں شہری رہ نہیں سکتے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے مستقبل مندوب عاصم افتخار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں دل دہلا دینے والی اسرائیلی بربریت سامنے آئی ہے، خواتین، بچے، ڈاکٹرز خوفناک صورت حال کا سامنا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ انڈر سیکریٹری جنرل ٹام فلیچر نے حقائق پر مبنی بریفنگ دی جس پر تنقید قابل قبول نہیں۔
عاصم افتخار نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کی جارہی ہے جس کے نتیجے میں اب تک 54 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں، ایک لاکھ 22 ہزار سے زائد فلسطیی شہری زخمی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کے شہری ایسی نفسیاتی اذیت برداشت کررہے ہیں جو کوئی سوچ بھی نہیں سکتا، ہم اس وقت غزہ میں تاریخ کی بدترین بربریت دیکھ رہے ہیں، مذمت کے الفاظ کافی نہیں اب ردعمل کا وقت ہے۔