چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جنگ کی نوعیت تبدیل ہو چکی ہے، پاکستان کی مسلح افواج تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہیں، تیزی سے ٹیکنالوجی اپنا رہی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بہاولپور گیریژن کا دورہ کیا، چیف آف آرمی سٹاف کو بہاولپور گیریژن میں مختلف آپریشنل، تربیتی اور انتظامی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی، جس میں بالخصوص ملٹی ڈومین وارفیئر کی تیاریوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔
اس موقع پر چیف آف ڈیفنس فورس نے خیرپور ٹامیوالی (کے پی ٹی) میں فیلڈ ایکسرسائز اسٹیڈفاسٹ ریزولو کا مشاہدہ کیا، جس میں جدید ٹیکنالوجیز جیسے بغیر پائلٹ فضائی نظام (ڈرونز)، جدید نگرانی کے آلات، الیکٹرانک وارفیئر کے وسائل اور جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام کا باہمی انضمام شامل تھا، یہ مشق مسلح افواج کی ٹیکنالوجی پر مبنی ملٹی ڈومین آپریشنز پر توجہ کی عکاسی کرتی ہے۔
جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں، انہوں نے مستقبل کے میدانِ جنگ اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت اعلیٰ سطح کی تیاری برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
چیف آف ڈیفنس فورس نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان کی مسلح افواج مختلف شعبوں میں بڑی تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہیں، جنگ کی نوعیت میں نمایاں تبدیلی آ چکی ہے، جہاں ٹیکنالوجی میں ترقی اس ارتقا کو آگے بڑھا رہی ہے اور اس کے نتیجے میں تمام سطحوں پر فکری تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے۔