یورپی یونین کے رکن ممالک نے دفاعی صلاحیتیں بہتر بنانے کے لیے 150 ارب یورو کے نئے قرضہ پروگرام کی باضابطہ منظوری دے دی۔
عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق روس یوکرین جنگ کی وجہ سے روس سے بگڑتے ہوئے تعلقات اور امریکا کے قابل اعتماد ہونے پر بڑھتے شکوک و شبہات کے پیش نظر یورپی یونین رکن ممالک نے بلاک ( یورپی یونین ) کی دفاعی صلاحیتیں بہتر بنانے کے لیے 150 ارب یورو کے نئے قرضہ پروگرام کی باضابطہ منظوری دی ہے۔
نئی SAFE قرض اسکیم کی تجویز مارچ میں برسلز نے پیش کی تھی جب یورپی یونین نے اپنی دفاعی صلاحیتیں بڑھانے کے لیے سنجیدگی سے کوششیں شروع کی تھیں۔
رواں ماہ کے اوائل میں رکن ممالک کی جانب سے اس تجویز کو حتمی شکل دی گئی تھی جس کے بعد اس تجویز کے مسودے کو برسلز میں یورپی وزراء کے ایک اجلاس میں حتمی منظوری مل گئی ہے، تجویز کے حق میں 26 ممالک نے حق میں ووٹ دیا جب ایک رکن نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔