بلوچستان کے شہر نوشکی میں انسداد پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں پر فائرنگ میں ایک پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق نوشکی کے علاقے کلی محمد حسنی میں نامعلوم افراد نے انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی جس سے وحید شہید ہو گیا، شہید اہلکار کی نعش ہسپتال منتقل کر دی گئی، انسداد پولیو ٹیم کے دیگر ارکان محفوظ رہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق فائرنگ کے واقعہ کے بعد ضلع میں انسداد پولیو مہم عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے بتایا کہ نوشکی میں پولیو ٹیم پر حملہ میں شہید اہلکار وحید کا تعلق جمال آباد نوشکی سے تھا، فرض کی ادائیگی میں جام شہادت نوش کرنے پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
شاہد رند نے کہا کہ پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے، اس پر حملہ ناقابل برداشت ہے، یہ حملہ قومی مہم سبوتاژ کرنے اور خوف و ہراس پھیلانے کی سازش ہے، تخریب کاروں کے خلاف کارروائی میں مزید تیزی لائی جائے گی، بلوچستان حکومت پولیو ٹیموں اور سکیورٹی اہلکاروں کی حفاظت کو مزید مؤثر بنائے گی۔