پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر و سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کو قائد ایوان بنانے کے فیصلے پر اپنے تحفظات کا اظہار کردیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے نگران حکومت نے سینیٹر اسحق ڈار کو سینیٹ میں قائد ایوان اور سینیٹر مانڈوی والا کو بطور چیف وہپ و وزیر مملکت نامزد کردیا تھا۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی خبر کے مطابق نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا تھا کہ سینیٹر اسحق ڈار کا سینیٹ میں قائد ایوان اور سینیٹر مانڈوی والا کا بطور چیف وہپ و وزیر مملکت نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
ایوان بالا کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ 30 اکتوبر کو ایوان کے اجلاس میں سینیٹر شہادت اعوان نے یہ معاملہ ایوان میں اٹھایا تھا، نگران وزیراعظم کی ہدایت پر پارلیمانی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے سینیٹر اسحق ڈار کا سینیٹ میں قائد ایوان اور سینیٹر مانڈوی والا کا بطور چیف وہپ و وزیر مملکت نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔