جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

جسٹس یحییٰ آفریدی نے پاکستان کے 30 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔

چیف جسٹس پاکستان کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس یحییٰ آفریدی سے عہدے کا حلف لیا۔

تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، سپیکر قومی اسمبلی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور، گورنر کے پی فیصل کریم، گورنر پنجاب سلیم حیدر، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور وفاقی وزراء بھی شریک تھے۔

ان کے علاوہ حلف برداری کی تقریب میں سپریم کورٹ کے جسٹس منیب اختر، جسٹس عائشہ ملک سمیت دیگر ججز کے علاوہ سینئر وکلا سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شریک ہوئے۔

واضح رہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے نفاذ کے بعد پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس پاکستان کیلئے نامزد کیا تھا۔

 

ادھر نئے چیف جسٹس کے حلف اٹھانے کے بعد سپریم کورٹ کی ویب سائٹ بھی اپڈیٹ کر دی گئی ہے، ویب سائٹ پر سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جگہ جسٹس یحییٰ آفریدی کا نام چیف جسٹس پاکستان کے طور پر اپڈیٹ کر دیا گیا ہے۔

ویب سائٹ کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے بعد سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ ہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.