چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہم اپنے شہداء کے احسانات کا بدلہ کبھی نہیں چکا سکتے، ہمارے شہدا کا خون ہماری قومی قوت کی بنیاد ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ شہید میجر سید معیز عباس شاہ کی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا کر دی گئی، انہوں نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سرا روغہ میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران شہادت پائی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق میجر سید معیز عباس شاہ (عمر 37 سال، ضلع چکوال کے رہائشی) کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن، راولپنڈی میں ادا کر دی گئی، نمازِ جنازہ میں چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر وفاقی وزیر داخلہ، اعلیٰ عسکری و سول حکام، افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔