بلوچستان میں نیا سلسلہ، 27 اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

بلوچستان میں نیا سلسلہ، 27 اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع

کوئٹہ: محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

 

صوبے کے 27 سے زائد اضلاع میں بارشوں کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا پہلا سلسلہ 24 سے 25 مارچ جبکہ دوسرا اور زیادہ طاقتور سسٹم 27 سے 29 مارچ کے دوران اثر انداز ہوگا۔ اس دوران کوئٹہ، زیارت، ژوب، چمن، پشین، لورالائی، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ہرنائی اور مستونگ میں بادل برسیں گے۔

 

صوبے کے دیگر حصوں جن میں خاران، خضدار، کیچ، پنجگور، آواران، گوادر، پسنی، اورماڑہ، لسبیلہ، چاغی، دالبندین، سبی، کوہلو، بارکھان، نصیرآباد اور نوشکی شامل ہیں، وہاں بھی تیز بارشوں کی توقع ہے۔

 

اسی طرح ساحلی پٹی پر بھی موسم ابر آلود رہے گا اور مزید بارشوں سے درجہ حرارت میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے۔

 

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث 25 سے 28 مارچ کے دوران مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور عمارتوں اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جس کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنا نہایت ضروری ہے۔

 

انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔ کسی بھی ممکنہ نقصان کو روکنے کے لیے ضلعی حکومتوں کو اپنی مشینری اور عملے کو مستعد رکھنے کی خصوصی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

 

مسافروں اور سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ خاص طور پر پہاڑی اور نشیبی علاقوں میں سفر کے دوران موسم کی تازہ ترین صورتحال کو مدنظر رکھیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ عوام کو چاہیے کہ خراب موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

 

حالیہ اعداد و شمار کے مطابق کوئٹہ میں درجہ حرارت 7، قلات میں 6، زیارت میں 5 اور ژوب میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سبی میں 16، تربت میں 20، نوکنڈی میں 19 جبکہ ساحلی شہروں گوادر اور جیوانی میں بالترتیب 20 اور 21 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت رہا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.