نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ دنیا میں آج کئی تنازعات، حل طلب مسائل و بڑھتے بحران موجود ہیں، یہ سلامتی کونسل قراردادوں پر عمل درآمد میں ناکامی کی علامت ہیں، پاکستان غزہ میں فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ دہراتا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ’ کثیرالجہتی اور پرامن تنازعات کے حل کے ذریعے بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ’ پر اعلیٰ سطح مباحثےسے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اس اہم اجلاس کی صدارت کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہ ذمہ داری اقوام متحدہ چارٹر، بین الاقوامی قانون اور کثیرالجہتی کے اصولوں کے تحت انجام دے رہے ہیں، ہم اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کے بصیرت افروز خیالات اور ان کی قیادت کو سراہتے ہیں۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ اجلاس میں رکن ممالک کی اعلیٰ سطح شرکت خوش آئند ہے، اور پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کا متفقہ طور پر منظور ہونا، تنازعات کے پرامن حل کے لیے اجتماعی عزم کی واضح علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پر پاکستان تمام رکن ممالک کا شکر گزار ہے، آج کا مباحثہ بروقت اور ناگزیر ہے ، کثیرالجہتی اور پرامن حل صرف اصول نہیں بلکہ عالمی استحکام کی بنیاد ہیں۔