بھارتی حمایت یافتہ ملک دشمن عناصر کو نیست ونابود کیا جائیگا: کورکمانڈرز کانفرنس – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

بھارتی حمایت یافتہ ملک دشمن عناصر کو نیست ونابود کیا جائیگا: کورکمانڈرز کانفرنس

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان ِ امتیاز (ملٹری) ، چیف آف آرمی سٹاف کی زیر صدارت 270 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں اندرونی اور بیرونی سلامتی کے درپیش چیلنجز اور مجموعی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہم بیرونی جارحیت، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جاری اپنی مشترکہ جدوجہد میں عوام کے اعتماد اور امیدوں پر پورا اترنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل نے پاکستان کے عوام کی غیر متزلزل حمایت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ  پاکستان کے عوام ہماری طاقت کا سرچشمہ ہیں ۔

کانفرنس کا آغاز آپریشن بنیان مرصوص اور بلوچستان کے ضلع خضدار میں دہشت گردانہ حملے کے شہداء کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی سے ہوا، فورم کے مطابق بھارت ایک جانب خود کو دہشت گردی کا شکار ظاہر کرتا ہے جبکہ درحقیقت وہ خود دہشت گردی کا مرتکب اور علاقائی عدم استحکام کا مرکز ہے، بھارتی حمایت یافتہ ملک دشمن عناصر کو نیست ونابود کیا جائیگا۔

شرکاء کانفرنس کا کہنا تھا کہ یہ سفاکی بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی پراکسیز کے ذریعے کی گئی، جس کے نتیجے میں چار معصوم بچے اور دو بے گناہ افراد شہید ہوئے، فورم نے نہتے شہریوں، بالخصوص معصوم بچوں کو دانستہ نشانہ بنانے کو انسانیت کے بنیادی اصولوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً اور قابلِ مذمت خلاف ورزی قرار دیا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.