بلوچستان واقعہ پر پاکستان تحریک انصاف کا رد عمل بھی آگیا – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

بلوچستان واقعہ پر پاکستان تحریک انصاف کا رد عمل بھی آگیا

بلوچستان میں جرگے کے فیصلے کے نتیجے میں خاتون اور مرد کے بہیمانہ قتل پر پاکستان تحریک انصاف کا شدید ردعمل بھی سامنے آگیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس بربریت، وحشت اور حیوانیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے، یہ غیرت نہیں، کھلا قتل اور بے غیرتی کی انتہا ہے، ہر سال خواتین کو اپنی مرضی سے جینے کی سزا دی جاتی ہے۔

ریاست اور نظام دونوں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں، جہاں خواتین کو تحفظ دینے کے بجائے قبائلی انا، مردانگی کے زہریلے معیار اور سرداری روایات کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

یہ شرمناک ہے کہ آج بھی پاکستان میں عورت کا اپنی پسند سے شادی کرنا اس کی موت کی وجہ بن سکتا ہے۔

بلوچستان میں پیپلز پارٹی حکومت کی ترجیحات میں نہ دہشت گردی کے خاتمے کا ارادہ نظر آتا ہے اور نہ ایسے وحشیانہ واقعات پر کوئی سنجیدہ اقدامات اٹھائے جاتے ہیں۔

ہم عدالتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ قاتلوں کو انسداد دہشتگردی قوانین کے تحت سزائے موت دی جائے بلکہ اس سے بڑھ کر کوئی سزا ہے تو وہ دی جائے۔

اس طرز کے سرداری فیصلوں، جرگوں اور غیر آئینی ٹکری سسٹم کو فوری ختم کیا جائے، خواتین کے حقِ زندگی اور آزادی کو آئینی تحفظ دیا جائے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.