وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیجیٹل سسٹم برائے لائسنسنگ اور رجسٹریشن آف میڈیکل ڈیوائسز کا افتتاح کردیا، جس سے رجسٹریشن کے عمل میں تیزی آئے گی۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق پاکستان میں جان بچانے والی میڈیکل ڈیوائسز اور تشخیصی مصنوعات کی رجسٹریشن اس سال کے شروع میں ایک سنگین مسئلہ بن گئی تھی۔
ڈریپ (ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان) پر میڈیکل ڈیوائسز کی منظوری اور رجسٹریشن کے عمل میں ’ سستی’ اور ’ انتہائی غیر مؤثر’ کارکردگی پر کڑی تنقید کی جا رہی تھی، ہیلتھ کیئر ڈیوائسز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کے مطابق اس صورتحال سے درآمد کنندگان کو بھاری مالی نقصان ہو رہا تھا اور اسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال متاثر ہو رہی تھی۔
اسلام آباد میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اب یہ عمل کم سے کم وقت میں مکمل ہوگا، اُن کا کہنا تھا کہ’اب فیصلے جلد اور شفاف طریقے سے ہوں گے۔’