اسرائیل کی فوج اور آبادکاروں کی جانب سے فلسطین کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں جس کے نتیجے میں غزہ اور مغربی کنارہ میں مزید 11 فلسطینی شہید ہو گئے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک نومولود بچہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا، خان یونس میں 3 فلسطینی مارے گئے، جبکہ وسطی غزہ میں اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک اور شہری شہید ہوا۔
شمالی غزہ میں سمندر کی جانب سے شیلنگ کی گئی، جس میں بے گھر خاندانوں کے خیموں کو نشانہ بنایا گیا، جبالیہ کیمپ میں ایک بچہ زخموں کے باعث 10 روز بعد دم توڑ گیا جبکہ شجاعیہ میں خیموں پر دھماکہ خیز مواد گرائے جانے سے آگ بھڑک اٹھی۔
غزہ وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی کے باوجود 784 فلسطینی شہید اور2 ہزار 214 افراد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں اب تک 72 ہزار 560 فلسطینی شہید جبکہ ایک لاکھ 72 ہزار 560 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔