پاکستان انڈر 21 ہاکی ٹیم نے سلطان آف جوہر کپ میں شاندار آغاز کرتے ہوئے اپنے پہلے میچ میں چین کو 3 کے مقابلے میں 8 گول سے شکست دے دی۔
پاکستان نے ابتدائی خسارے کے بعد شاندار کم بیک کرتے ہوئے حریف ٹیم کے خلاف یکے بعد دیگرے گول سکور کیے، چین نے پہلے ہاف میں تین گول کیے تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے دوسرے ہاف میں مقابلے کا پانسہ پلٹ دیا۔
پاکستان کی جانب سے اسام حیدر نے دو گول سکور کیے جبکہ محمد فاروق، ولید رانا، فیاض حمزہ، غلام مصطفیٰ، محمد عثمان اور سیف اللہ نے ایک، ایک گول کیا۔
سلطان آف جوہر کپ میں پاکستان، میزبان ملائیشیا، چین، جاپان اور کینیڈا کی ٹیمیں شریک ہیں، ایونٹ 17 سے 24 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
قومی جونیئر ہاکی ٹیم اپنا اگلا میچ 18 اکتوبر کو کینیڈا کے خلاف کھیلے گی، ٹورنامنٹ کو آئندہ جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔