عسکری میدان میں شکست کے بعد بھارت اب کھیل کے میدان میں اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، عطاء اللہ تارڑ – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

عسکری میدان میں شکست کے بعد بھارت اب کھیل کے میدان میں اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، عطاء اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عسکری میدان میں شکست کے بعد بھارت اب کھیل کے میدان میں اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، ہم نے بھارت کے 6 طیارے مار گرائے، اور بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جس کے بعد بھارت کو جنگ بندی کی درخواست کرنا پڑی اور اب وہ کھیل کے میدان میں سیاست کر رہا ہے۔

اسلام آباد میں انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز میں ڈاکٹر رابعہ اختر کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارا ایک حریف ملک ہے جس کی پالیسیاں فریب اور دغا بازی پر مبنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے خطے میں اپنی بالادستی کے عزائم کی تکمیل کے لیے ہندوتوا نظریئے کو مزید پھیلانے کی کوشش کی تاہم یہ خواب اس وقت چکنا چور ہو گیا جب پوری پاکستانی قوم متحد ہو گئی اور خطے میں ایک نئی ڈیٹرنس قائم ہوئی۔

انہوں نے کتاب کی مصنفہ اور انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کی جانب سے اس موضوع کو بروقت اجاگر کرنے پر سراہا، وفاقی وزیر نے کہا کہ اس چار روزہ جنگ نے ہمیں اہم اسباق سکھائے، بطور طالب علم تاریخ اور سیاستدان پہلا سبق یہ سیکھا کہ کوئی بھی جارح، قابض یا قانون شکن ملک کبھی مظلوم نہیں بن سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اب بھارت کرکٹ جیسے کھیل کو سیاست کی نذر کرنے کی کوشش کر رہا ہے، یہ دراصل اپنی سبکی سے بچنے کی ایک ناکام کوشش ہے، ہم نے اپنی عسکری برتری ثابت کی اور بھارت کے چھ طیارے مار گرائے، ہمارے بھرپور جواب کے بعد بھارت کو جنگ بندی کی درخواست دینا پڑی، اب وہ کھیل کے میدان میں سیاست لے کر آ رہا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.