آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے رواں سیزن آم کی برآمد کا ہدف 25 ہزار ٹن کم کرکے ایک لاکھ ٹن مقرر کردیا، آم کی ایکسپورٹ کا آغاز 20 مئی سے ہوگا۔
آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے پاکستان میں آم کے باغات پر سنگین اثرات مرتب ہو رہے ہیں جس سے پیداوار میں نمایاں کمی کا سامنا ہے اور ایکسپورٹ کوالٹی کا آم دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے گزشتہ سال بھی ایکسپورٹ کا ہدف پورا نہ ہوسکا، اس سال ایکسپورٹ کا ہدف ایک لاکھ ٹن رکھا گیا ہے جبکہ گزشتہ سال ایکسپورٹ کا ہدف ایک لاکھ پچیس ہزار ٹن تھا تاہم آم کی ایکسپورٹ ایک لاکھ ٹن رہی، رواں سیزن ایک لاکھ ٹن ایکسپورٹ سے 90ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوگا۔
وحید احمد نے کہا کہ اس سال افغانستان کے راستے سینٹرل ایشیائی ممالک اور ایران کی مارکیٹ کو مستحکم کیا جائے گا جبکہ چین کی مارکیٹ جہاں گزشتہ سیزن سے ایکسپورٹ کا آغاز ہوا اس سال والیوم بڑھانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی، اس کے ساتھ آسٹریلیا، جاپان، امریکا جیسی ویلیو ایڈڈ مارکیٹ میں بھی ایکسپورٹ بڑھانے کی کوشش کریں گے، رواں سیزن ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے ترکی اور مشرق بعید کے ملکوں میں پاکستانی آم کی پروموشن کی جائے گی۔