سوڈان میں یو این امن مشن پر ڈرون حملہ، 6 بنگلا دیشی اہلکار جاں بحق، پاکستانی کوئیک فورس کی بروقت کارروائی
سوڈان کے کوردوفان ریجن میں اقوامِ متحدہ کے امن مشن کے ایک بیس پر ڈرون حملے کے نتیجے میں بنگلا دیش سے تعلق رکھنے والے چھ اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ اقوامِ متحدہ کے مشن کے مطابق یہ حملہ ہفتے کے روز کیا گیا، جس میں متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئے، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ تمام جاں بحق اور زخمی اہلکاروں کا تعلق بنگلا دیش سے ہے۔
بنگلا دیش کے عبوری سربراہ محمد یونس نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ زخمی بنگلا دیشی اہلکاروں کو ہر ممکن ہنگامی طبی امداد فراہم کی جائے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی امن مشن کے اہلکاروں پر حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نوعیت کے حملے ناقابلِ جواز ہیں اور بین الاقوامی قوانین کے تحت جنگی جرائم کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔
سوڈانی فوج نے ڈرون حملے کا الزام باغی گروہ ریپڈ سپورٹ فورس (آر ایس ایف) پر عائد کیا ہے، تاہم آر ایس ایف کی جانب سے تاحال واقعے پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
حملے کے بعد اقوامِ متحدہ کے اڈے پر پاکستانی کوئیک ری ایکشن فورس (QRF) کو فوری طور پر روانہ کیا گیا۔ پاکستانی امن دستوں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے صورتحال کو مؤثر انداز میں قابو میں لیا اور 41 بنگلا دیشی فوجیوں کو بحفاظت ریسکیو کیا، جن میں 8 زخمی اہلکار بھی شامل تھے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کر دی گئی۔