وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہماری تیاری ہر وقت مکمل ہوتی ہے لیکن اس بار حکمت عملی سخت ہوگی جس کے بارے میں ابھی نہیں بتا سکتا۔
پشاور ہائی کورٹ میں وزیراعلی علی امین گنڈاپور کی مقدمات کی تفصیل اور حفاظتی ضمانت کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی، سماعت چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس صاحبزادہ اسداللہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔
وکیل درخواست گزار عالم خان ادینزئی ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کے خلاف مقدمات تفصیل کے لیے درخواست دائر کی ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل ثنا اللہ نے بتایا کہ میری وزارت داخلہ سے بات ہوئی ہے اور میں نے ان کو کہا ہے کہ عدالتی حکم کی سختی سے تعمیل کی جائے۔
چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ ہم وفاق سے جواب طلب کرسکتے ہیں، پنجاب کی حد تک ہم حفاظتی ضمانت دے سکتے ہیں جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ہمیں تھوڑا وقت دیا جائے ہم رپورٹ جمع کریں گے۔