وفاقی وزیر خزانہ اور سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ موسمیاتی اور زرعی ایمرجنسی ڈکلیئر کی جا چکی ہے، ایمرجنسی کے تحت جو کرنا پڑا کریں گے۔
کمالیہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سیلاب کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے سروے کئے جارہے ہیں، کسانوں کے نقصانات کے تخمینے کیلئے کمیٹی بنائی ہے، ہم حقائق پر مبنی بات کر رہے ہیں، اس وقت اہم چیز لوگوں کی امداد ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کابینہ کے ساتھ مل کر موسمیاتی اور زرعی ایمرجنسی ڈکلیئر کی ہے، ایمرجنسی کے تحت جو کچھ کرنا پڑا ہم کریں گے، سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کیلئے بہترین ریسکیو وریلیف آپریشن ہوا، اب اہم بات سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام ہے، سیاست سے بالاتر ہو کر سیلاب متاثرین کیلئے کام کیا ہے، وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز خود سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں، وزیراعظم نے آئندہ سال پہلے سے تیاری کی ہدایت دی ہے۔