صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی بنگلہ دیشی عوام اور طارق رحمان کو مبارکباد – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی بنگلہ دیشی عوام اور طارق رحمان کو مبارکباد

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش میں عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر عوام اور دو تہائی اکثریت حاصل کرنے پر بی این پی اتحاد اور متوقع وزیراعظم طارق رحمان کو مبارکباد دی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کے شاندار انتخابی کامیابی پر طارق رحمان کو مبارکباد دی ہے، صدر مملکت نے بنگلہ دیش کی عوام کو کامیاب اور پُرامن انتخابات کے انعقاد پر بھی دلی مبارکباد پیش کی۔

صدر دفتر سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان نے جمہوری شراکت داری اور باہمی ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے ساتھ مضبوط تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

صدرمملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بنگلا دیش میں انتخابات جنوبی ایشیا کے لیے ماضی کے مراحل سے آگے بڑھنے کا ایک موقع ہے،بی این پی کو قومی انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کرنے اور اگلی حکومت بنانے کا مینڈیٹ ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی عوام اور حکومت پاکستان کی جانب سے طارق رحمان کو بنگلہ دیش کے پارلیمانی انتخابات میں کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور کہا کہ بنگلہ دیش کے عوام کو انتخابات کے کامیاب انعقاد پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی نئی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون کا خواہاں ہوں تاکہ اپنے تاریخی، برادرانہ اور ہمہ جہتی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور جنوبی ایشیا اور اس سے باہر امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھایا جا سکے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.