عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدرسینیٹرایمل ولی خان نے حکومت اور اپوزیشن دونوں کا ساتھ نہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اس پوزیشن میں نہیں کہ کسی پر حملہ کرے،80 فیصد دفاعی اخراجات ختم کرکے قوم کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنا ہوگا۔
ایمل ولی خان نے ولی باغ چارسدہ میں عیدکے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں عملاً عسکری پارلیمنٹ اور عسکری حکومت ہے، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں 110 فیصد مارشل لا ءہے۔ کور کمانڈرز کے حکم پر سارے تقرروتبادلے کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اے این پی ایوان بالا میں آزاد بینچوں پر بیٹھنے کیلیے چیئرمین سینیٹ کو جلد درخواست دے گی،خیبر پختونخوا پر علی امین گنڈاپور کی نہیں بلکہ کور کمانڈر اور سیکٹر کمانڈر کی حکومت ہے۔
ایمل ولی نے کہا کہ پاکستان کو ایٹم بم اور حملوں کے لیے ہتھیار کی کوئی ضرورت نہیں، پاکستان اس پوزیشن میں نہیں کہ کسی پر حملہ کرے، انہوں نے کہا کہ 80 فیصد دفاعی اخراجات ختم کرکے قوم کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنا ہوگا۔ ایمل ولی کا کہنا تھا کہ احتسابسیاستدانوں سمیت تمام اداروں کا کرنا چاہیے۔