بالی ووڈ اداکارہ بھاگیہ شیری کو فلم ’میں نے پیار کیا‘ میں سلمان خان سے زیادہ معاوضہ دیا گیا تھا۔
57 سالہ اداکارہ نے 1989ء یعنی 37 سال قبل ریلیز ہونے والی اس فلم میں سلمان خان سے زیادہ معاوضہ ملنے کو بزنس اسٹریٹیجی قرار دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھاگیہ شری نے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ فلم انڈسٹری میں معاوضے کا تعلق محنت یا تجربے سے نہیں بلکہ بزنس اسٹریٹیجی سے ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پروڈیوسرز اُس اداکار کو ترجیح دیتے ہیں جو کم معاوضے میں زیادہ فائدہ دے سکے، اگر کوئی دوسرا فنکار کم معاوضے میں وہی کام کرنے کو تیار ہو تو پروڈیوسرز اُسے دوسرے سے باآسانی بدل دیتے ہیں۔
اداکارہ نے فلم انڈسٹری کو غیر مستحکم مارکیٹ قرار دیا اور کہا کہ اس انڈسٹری میں ہمیشہ کوئی نہ کوئی کم پیسوں پر زیادہ کام کرنے پر راضی ہوتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ فلم انڈسٹری کی مثال گھر خریدنے سے بھی دی جاسکتی ہے، اضافی سہولیات والی پراپرٹی مہنگی ہوتی، بالکل ایسے ہی اداکار کی اہمیت اُس کی قیمت بڑھا دیتی ہے۔
بھاگیہ شیری نے یہ بھی کہا کہ خواتین اداکاروں کو مناسب معاوضہ تب ہی مل سکتا ہے، جب وہ متحد ہوں اور اپنی حقوق کےلیے اجتماعی طور پر کھڑی ہوجائیں۔
بھاگیہ شری کی فلم میں نے پیار کیا، سپر ہٹ ثابت ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے شادی کی اور انڈسٹری سے دور ہوگئی تھیں۔