ایران کے کئی شہروں میں توڑ پھوڑ، مساجد، ہسپتالوں کو نقصان، 217 افراد ہلاک – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

ایران کے کئی شہروں میں توڑ پھوڑ، مساجد، ہسپتالوں کو نقصان، 217 افراد ہلاک

امریکی جریدے ٹائم میگزین کے مطابق ایران میں مہنگائی کے خلاف جاری پرتشدد مظاہرے بے قابو ہو گئے، کئی شہروں میں توڑ پھوڑ ہوئی، مساجد اور ہسپتالوں کو نقصان پہنچا، 217 افراد ہلاک ہو گئے۔

ایران میں حکومت مخالف مظاہروں میں گزشتہ رات سے مزید اضافہ دیکھنے میں آیا جہاں مختلف شہروں میں مظاہرین اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، احتجاج کے دوران مظاہرین نے کئی شہروں میں توڑ پھوڑ کی۔

مظاہرین کی جانب سے 26 بینک، 25مساجد، 2 ہسپتال اور 48 فائر ٹرکوں کو نقصان پہنچایا گیا جبکہ سرکاری عمارتوں اور پولیس سٹیشنوں پر بھی حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں کئی اہلکار زخمی ہوئے۔

پرتشدد مظاہرے کرنے والوں نے ایمبولینسوں پر بھی حملے کیے، بسوں اور شہریوں کی گاڑیوں کو بھی آگ لگائی گئی، سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے تقریبا 2500 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ انٹرنیٹ سروس بدستور بند ہے۔

تہران کے ایک ڈاکٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر امریکی جریدے ٹائم کو بتایاکہ دارالحکومت کے صرف 6 ہسپتالوں میں 217 مظاہرین کے ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی اور ان میں سے زیادہ تر لوگ گولیاں لگنے سے ہلاک ہوئے تاہم ایرانی حکام نے تاحال ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی۔

امریکی جریدے کے مطابق واشنگٹن ڈی سی کی ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹ نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ اب تک کم از کم 63 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 49 عام شہری شامل ہیں۔

ایرانی میڈیا نے کرمانشاہ میں مظاہروں کے دوران شرپسندوں کی جانب سے فائرنگ کیے جانے کی ویڈیو جاری کی ہے جس میں نقاب پوش افراد کو فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.