Daily Mashriq
Mashriq Newspaper

امریکا اسرائیل کی پشت پناہی بند کرے، جنگ بندی کی خلاف ورزیاں قبول نہیں، ایرانی وزارت

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل سے متعلق ہمیں پہلے ہی خدشات تھے، ان دونوں کی نیت پر ہمیں پہلے ہی شک تھا، حالیہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر امریکا براہ راست ذمہ دارہے، اسرائیلی اقدامات کو امریکی پالیسیوں سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔

 

انہوں نے کہا کہ خطے میں پڑوسی ممالک سے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں، افسوس ان ممالک پر جنہوں نے ہمارے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے دی۔

 

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل 3 سال سے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہے، افسوس ہے نسل کشی کے خلاف پڑوسی ملک مصر نے کوئی آواز نہیں اٹھائی، ہم جنگ بندی کے پابند تھے، امریکا اسرائیل مسلسل خلاف ورزی کر رہے تھے، جو کچھ بھی ہو رہا ہے یہ سب امریکا کی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔

 

اسماعیل بقائی نے کہا کہ اسرائیل کے جنگ بندی کے باوجود لبنان پر حملے جاری ہیں، لبنان جنگ بندی معاہدے کا لازمی حصہ ہے، تہران لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ بندی پر عملدرآمد چاہتا ہے، لبنان سے متعلق معاہدے کو کمزور نہیں ہونے دیں گے، اسرائیل اور امریکا معاہدے کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔

 

ترجمان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں پر خاموش نہیں رہ سکتے، ایران دشمن کو دندان شکن جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ یو این جوہری نگراں ادارے کے سربراہ رافیل گروسی حقائق کو نظر انداز کر رہے ہیں، آئی اے ای اے سربراہ جان بوجھ کر ایران مخالف رویہ اپنائے ہوئے ہیں، جوہری ادارے کے سربراہ کے متعصبانہ خیالات سے عالمی ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل متعدد فالز فلیگ آپریشن میں ملوث ہے، گزشتہ روز کے واقعات نے شکوک و شبہات میں اضافہ کر دیا، امریکا سے مذاکرات شدید بداعتمادی کے ماحول میں جاری تھے، امریکی کے رویے میں تضادات نے سفارتی عمل میں افراتفری پیدا کی، حالیہ پیش رفت سفارتی عمل کو مزید پیچیدہ بنائے گی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More