پی ٹی آئی 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں ’سوئپ‘ کرے گی، تیمور خان جھگڑا – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

پی ٹی آئی 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں ’سوئپ‘ کرے گی، تیمور خان جھگڑا

گزشتہ کئی ماہ سے عوامی منظر نامے سے غائب پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما تیمور خان جھگڑا بدھ کو پشاور میں منعقدہ پارٹی کنونشن میں منظر عام پر آئے اور دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں ’سوئپ‘ کرے گی۔

صوبائی دارالحکومت میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام مشکلات کے باوجود پی ٹی آئی انتخابات میں کلین سوئپ کرے گی اور اس کی وجہ آپ سب ہیں، اگر آپ کھڑے ہیں تو سب کھڑے ہیں۔

تیمور خان جھگڑا نے ان تمام ساتھیوں اور کارکنوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے جیل میں وقت گزارا، جو اب بھی پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں اور اب بھی جیل میں ہیں۔

انہوں نے سابق قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر اور مردان سے سابق ایم این اے مجاہد علی خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں جس کا سب سے زیادہ شکریہ ادا کرنا چاہیے وہ عمران خان صاحب ہیں کیونکہ وہ 120 دن سے جیل میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ وہ اپنی قوم کے لیے 1ہزار سال جیل میں گزارنے کے لیے تیار ہیں لیکن وہ کسی سے ڈیل نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے سابق چیئرمین رواں سال اگست سے جیل میں ہیں۔

چار سال کی خود ساختہ جلاوطنی کے بعد اکتوبر میں لندن سے وطن واپس آنے والے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا حوالہ دیتے ہوئے تیمور خان جھگڑا نے کہا کہ لندن سے آنے والا لاڈلا ایک چیز بھول گیا ہے، وہ بھول گیا ہے کہ پاکستان بدل چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوان لاڈلے کی سیاست کو قبول نہیں کرتے اور نوجوان غداروں کی سیاست کو بھی قبول نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سامنے چاہے کتنی ہی مشکلات ہوں، 8 فروری کو ہم ثابت کریں گے کہ ہم یہ ایک آزاد قوم ہیں، خیبر پختونخوا ووٹ کے لیے نکلے گا، انشااللہ پنجاب بھی نکلے گا، انشااللہ کراچی میں بھی ایسا ہی ہوگا، سندھ کا بھی ہوگا اور عمران خان اور ان کی عزت کے لیے بلوچستان بھی نکلے گا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.