سابق وفاقی وزیر و سابق رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فواد چوہدری کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
رہنما استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) فواد چوہدری کے بھائی فیصل چوہدری نے ’ڈان نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے گرفتاری کی تصدیق کی، انہوں نے بتایا کہ میرے بھائی فواد چوہدری کو میرے اسلام آباد والے گھر سے ناشتہ کرتے ہوئے کچھ باوردی اہلکاروں نے سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد کے ہمراہ اغوا کر لیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میرے بار بار اصرار کے باوجود انہوں نے کوئی وارنٹ گرفتاری یا حکم نہیں دکھایا، مجھے ان کی سلامتی سے متعلق شدید خدشات ہیں۔