موجودہ وفاقی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کو عوامی سطح پر بھی زبردست پذیرائی مل رہی ہے، گورنر بلوچستان
کوئٹہ (آن لائن) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ وفاقی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کو عوامی سطح پر بھی زبردست پذیرائی مل رہی ہے روز آول سے عوام کی امنگوں کے مطابق چلنے، مشکل معاشی حالات کے باوجود مہنگائی بالخصوص پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لانے اور دنیابھر کے سرمایہ کاروں کی توجہ کو ملک میں اور صوبوں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقعوں کی جانب مبذول کروانے سے تعمیر و ترقی کی نئی راہیں متعین ہو رہی ہیں. انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور بےروزگار نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ دنیا بڑی تیزی سے اپنی کروٹیں بدل رہی ہے جو ہمارے تمام صاحب واک واختیار سے نئے ترجیحات اور نئے اہداف کے حصول کیلئے جامع حکمت عملی بنانے کا تقاضہ کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگی، عوام دوست پالیسیوں کی تشکیل اور ان پر عملدرآمد کیلئے متعلقہ ویژن و دانش کے حامل افراد کی اشد ضرورت ہے. یہ بات حقیقت ہے کہ جمہور کی جمہوریت میں تمام پالیسیوں اور ترقیاتی منصوبوں کا محور و مرکز مفاد خلق ہی ہوتا ہے لہذا تمام منتخب عوامی نمائندوں کا فریضہ ہے کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے اور جمہور کی جمہوریت قائم کرنے کیلئے اپنے حصے کا کردار ادا کریں.