صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ کشمیری عوام کو خطے میں دیرپا امن کے لیے آزادانہ طور پر اپنے مستقبل کا تعین کرنے کی اجازت دی جا سکے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق یوم یکجہتی کشمیرپر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں حالیہ پیش رفت سے واضح ہوتا ہے کہ دیرینہ تنازعات کو بڑھنے نہیں دیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہر سال یوم یکجہتی کشمیر مناتے ہیں تاکہ کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ اور جائز جدوجہد کی حمایت کی تجدید کی جاسکے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حق خودارادیت بین الاقوامی قانون کا بنیادی اصول ہے، ہر سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ایک قرارداد منظور کرتی ہے جس میں لوگوں کو اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کے قانونی حق پر زور دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ 78 سال گزرنے کے باوجود کشمیری عوام کو اب تک اس ناقابل تنسیخ حق کا استعمال نہیں کرنے دیا گیا، بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر دنیا کے سب سے زیادہ فوجی علاقوں میں سے ایک ہے اور کشمیری خوف و ہراس کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں۔