دہشت و شر کی فضا پھیلانے والے عناصر بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں : وزیراعظم
دہشت گردی کے ناسور کے ملک سے مکمل خاتمے کیلئے افواج پاکستان اور پاکستانی عوام شانہ بشانہ کھڑے ہیں
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے، جہاں گورنر شیخ جعفر خان مندوخیل اور وزیراعلیٰ میر سرفراز احمد بگٹی نے ان کا استقبال کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے گزشتہ دنوں قلات میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں بہادری سے لڑتے ہوئے زخمی ہونے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی سی ایم ایچ جاکر عیادت کی۔ وزیرِاعظم نے زخمیوں سے گفتگو کے دوران ان کے ملک کی خاطر قربانی کے جذبے اور وطن کی حفاظت کے غیرمتزلزل عزم کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپ سب قوم کے ہیروز ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو آپ اور قربانی کے جذبے سے سرشار آپ کے اہل خانہ پر فخر ہے، جب تک قوم کا تحفظ ایسے بہادر جوانوں کے سپرد ہے، دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے ملک سے مکمل خاتمے کیلئے افواج پاکستان اور پاکستانی عوام شانہ بشانہ کھڑے ہیں، بلوچستان میں دہشت و شر کی فضا پھیلانے والے عناصر بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں، بلوچستان کے عوام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز شرپسند عناصر کے سد باب کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہ ہونے دیں گے۔