اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے شرح سود 200 بیسس پوائنٹس کم کرکے 13 فیصد کرنے کا اعلان کر دیا۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں 200 بیس پوائنٹس کی کمی کی، شرح سود 2 فیصد کمی سے 13 فیصد ہوگی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ زری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے اپنے آج کے اجلاس میں پالیسی ریٹ کو 17دسمبر 2024 سے200 بی پی ایس کم کرکے 13فیصد کرنے کا فیصلہ کیاہے۔
اس میں کہا گیا کہ ایم پی سی کی توقعات کے مطابق نومبر 2024 میں عمومی مہنگائی کم ہو کر سالانہ بنیادوں پر 4.9 فیصد ہوگئی، اس کمی کی بڑی وجہ غذائی مہنگائی کا مسلسل کم ہونا نیز نومبر 2023 میں گیس کے نرخوں میں اضافے کے اثرات کا بتدریج ختم ہونا تھا۔