دہشت گردوں سے مذاکرات نہیں، آپریشن پر چاہے ایک ہزار ارب خرچ ہوں امن لایا جائے، اسحاق ڈار – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

دہشت گردوں سے مذاکرات نہیں، آپریشن پر چاہے ایک ہزار ارب خرچ ہوں امن لایا جائے، اسحاق ڈار

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بلوچستان کے معاملے پر سیاست نہ کریں، چاہے آپریشن پر 1 ہزار ارب لگیں ہمیں مل کر اس دہشت گردی پر قابو پانا ہوگا۔

سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ وزیراعظم ایک دو روز میں بلوچستان جارہے ہیں جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی وہاں پہنچ گئے ہیں، ہم آج بھی کہتے ہیں کہ پاکستان کی ریاست کو تسلیم کرنے والوں سے مذاکرات ہونے چاہیے مگر ناراضی کے نام پر پہاڑوں پر چڑنے والوں کے اقدامات کی مذمت اور اُن کے خلاف کارروائی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہاڑوں پر چڑھ کر قتل عام کرنے والے بیرونی ایجنسیوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں اور وہ ملک کو بحرانی کیفیت سے دوچار کرنا چاہتے ہیں، دشمن کی خواہش ہے کہ ایٹمی طاقت کا حامل ملک کسی بھی صورت معاشی طور پر مستحکم نہ ہو۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان ہمیں اتنا ہی عزیز ہے جتنے دوسرے صوبے ہیں، ہر پاکستانی کا دل حالیہ دہشت گردی پر رنجیدہ ہے، ہمیں اس معاملے پر سیاست کے بجائے آگے ملکر بڑھنا ہوگا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کی ایک کمیٹی بنائی جائے اور دونوں طرف سے نمائندوں کو شامل کیا جائے، ایوان میں بہت ذہین لوگ ہیں اور سینیٹ ایک فیڈریشن کی نمائندگی والی جگہ ہے جہاں بیٹھ کر کسی بھی علاقے کے مسائل کا حل نکالنا ضروری ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ شفافیت کے ساتھ ہمیں سوچنا ہے کہ ہمیں ملک میں امن کیسے واپس لانا ہے، سال 2013 کا ڈیٹا اٹھائیں اور دہشت گردی کے واقعات کا موزانہ کریں، قوم نے 2014 میں اے پی ایس واقعے کے بعد آپریشن کا فیصلہ کیا، ہم نے کم وقت میں جنگ کی، آپریشن ضرب عضب، ردالفسار سے لڑائی لڑ کر صورت حال کو قابو کیا، ہم نے پیٹ کاٹ کر یہ قدم اٹھایا کیونکہ آپریشنز پر سالانہ 100 ارب روپے خرچ ہوئے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.