سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ معیشت کے تمام اشاریے منفی ہیں اور عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کے پاس جانا اس بات کا اعتراف ہےکہ ہم ناکام ہوچکے ہیں، اسی طرح اس معاہدے سے معاشی نمو رک جاتی ہے اور مہنگائی بڑھتی ہے۔
لاہور میں عاصمہ جہانگیر کانفرنس کے دوسرے روز سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ملک کی معاشی بدحالی کا حوالہ دیا اور کہا کہ آئی ایم ایف آپ کو زندہ رکھتا ہے، ہر اکنامک پیرامیٹر پر آپ زوال پذیر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں کہ بجٹ میں کیا ریلیف ملےگا، آپ نے جو کچھ کریں گے وہ قرضہ لےکر کریں گے، جب تک نظام عدل ٹھیک نہیں ہوگا کہیں سے سرمایہ کاری نہیں آئےگی۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم آٹا بانٹنا شروع کر دیتے ہیں جس میں 40 فیصد چوری ہوتی ہے، آپ کی انڈسٹری کی گروتھ ہو ہی نہیں سکتی، اگر سیاسی معاملات درست نہیں کریں گے تو یہ مسائل درست نہیں ہوں گے، کسی خام خیالی میں نہ رہیں کیونکہ تمام چیزیں آپس میں جڑی ہوئی ہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم سب چیزوں سے بے نیاز ہو کر دعوے کرتے ہیں، ان دعوؤں میں کوئی حقیقت نہیں، آئی ایم ایف کے پاس جانا اس بات کا اعتراف ہے کہ ہم ناکام ہوچکے ہیں۔