وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے کیسز جلد اپنے منطقی انجام تک پہنچیں گے۔
اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹریٹجک لحاظ سے ایک جوہری ریاست ہے، جس سنجیدگی سے دوست ممالک پاکستان کے ساتھ معاملات پر بات کر رہے ہیں وہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا نیا باب ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نیوکلیئر اسٹیٹ ہونا اعزاز کی بات ہے، حکومت کے آتے ہی معیشت کے حوالے سے مثبت خبریں سامنے آرہی ہیں، سب کی طرف سے کہا جارہا ہے کہ حکومت معیشت کی بہتری کے لیے کردار ادا کر رہی ہے اور اس کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے، یہ ہمارے لیے خوش قسمتی بھی ہے، وزیر اعظم اور ان کی کابینہ پالیسی سازی اور معیشت کی بہتری کے لیے اپنے دن رات ایک کیے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں آتے ہی معیشت کے لیے کیے گئے فیصلے سے عالمی سطح پر پاکستان کی بڑی پذیرائی ہوئی، ایک جوہری ریاست ہونا بڑی بات ہے، پاکستان میں بہت سے قدرتی، آبی ذخائر موجود ہیں۔