پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی آزاد امیدوار عفت طاہرہ سومرو چیئرمین استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) جہانگیر خان ترین کے حق میں دستبردار ہوگئیں۔
لودھراں میں این اے 155 سے عفت طاہر سومرو تحریک انصاف کی آزاد حیثیت میں امیدوار تھیں۔ انہوں نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی اور اُن کے حق میں دستبرداری کا اعلان کردیا۔
جہانگیر ترین نے عفت سومرو کے اعلان کا خیر مقدم کیا اور مل کر سیاست کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
عفت طاہرہ سومرو نے دستبرداری کے اعلان پر مبنی ویڈیو بیان بھی جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا کہ میں این اے 155 لودھراں سے دستبرداری کا اعلان کرتی ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے لودھراں سے عملی سیاست کا آغاز ن لیگ کے صدیق بلوچ کے خلاف کیا، جو گزشتہ 2 یا 3 دن سے میرے خلاف پراپیگنڈا کررہے ہیں کہ مجھے اغوا کرلیا گیا ہے، جو غلط اور جھوٹ ہے۔
عفت طاہرہ سومرو نے یہ بھی کہا کہ عوام این اے 155 میں جہانگیر خان ترین کو ووٹ دیں، مجھ پر پیسوں کا الزام لگایا گیا جو کہ جھوٹ پر مبنی ہے۔
این اے 155 لودھراں میں اب جہانگیر ترین اور ن لیگ کے صدیق بلوچ کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔